اڈپی، 16 / مئی (ایس او نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق حالیہ اسمبلی الیکشن کے دوران اڈپی ضلع میں ہر دس ہزار ووٹرس میں سے 65 ووٹرس نے کسی بھی امیدوار کے حق میں ووٹ نہ دیتے ہوئے 'نوٹا' آپشن کا استعمال کیا ہے ، جبکہ ریاستی سطح پر 0.69% ووٹروں نے 'نوٹا' کا استعمال کیا ہے ۔
اس مرتبہ اڈپی ضلع میں 8.18 لاکھ ووٹروں نے پولنگ میں حصہ لیا ان میں سے 5391 ووٹروں نے فہرست میں موجود تمام امیدواروں کو مسترد کرتے ہوئے 'نوٹا' کا بٹن دبایا ۔ البتہ 2018 کے اسمبلی الیکشن کے مقابلے میں یہ تعداد کچھ کم ہے کیونکہ اُس وقت یہاں 'نوٹا' کا استعمال کرنے والوں کی تعداد 6,728 تھی ۔
اس مرتبہ نوٹا کا سب سے زیادہ استعمال اڈپی حلقہ میں ہی کیا گیا ہے جہاں 1,316 ووٹرس نے نوٹا کو منتخب کیا جبکہ 2018 میں یہ تعداد 1,089 تھی ۔ نوٹا کے استعمال میں دوسرے مقام پر بیندور حلقہ ہے جہاں 1,208 ووٹرس نے نوٹا کا بٹن دبایا ہے ۔ 2018 میں یہ تعداد 1,647 تھی ۔ تیسرے مقام پر کنداپور حلقہ ہے جہاں نوٹا استعمال کرنے والوں کی تعداد 1141 ہے ۔ 2018 میں 1813 ووٹروں نے اس بٹن کا استعمال کیا تھا ۔